نئی دہلی:16/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سوشل میڈیا پر انڈین ریلوے کی اس بات کے لیے ستائش ہورہی کہ ٹرین پر سوار ایک مسافر کی ٹویٹ کے بعد ریلوے کے عملے نے کم سن بھوکی بچّی کو دودھ مہیا کر دیا۔آنگھا نکم نامی ایک خاتون نے ٹرین میں سفر کے دوران دیکھا کہ ایک ماں اپنی چھوٹی سی بچی کو دودھ دینے کے لیے پریشان ہے۔انھوں نے اسی وقت وزارت ریل کے صفحے پر ٹویٹ کر کے مدد کی درخواست کی جس کے بعد اگلے ہی سٹیشن پر انہیں دودھ مہیا کر دیا گیا۔وزارت ریل آج کل ٹویٹر پر کافی فعال رہتی ہے اور ماضی میں بھی اس نے کئی بار مشکل میں پھنسنے والے مسافروں کی مدد کی ہے۔آنگھا نکم نے انڈین ریلوے کے کونکن ڈیویڑن سے اس مددکے لیے12 مارچ کہا تھا۔ لیکن یہ کہانی اس وقت سرخیوں میں آئی جب محکمہ ریل نے جمعرات کے اس کے بارے میں ٹویٹ کیا۔وہ اس وقت ریاست مہاراشٹر میں ہپّا ایکسپریس ٹرین میں سفر کر رہی تھیں۔انھوں نے بچی کی تصویرپوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اس بچے کو دودھ کی ضرورت ہے، یہ کونکن ریلوے میں ہپّا ایکسپریس میں سفر کر رہی ہے۔ برائے کرم سنیہا باپت سے اس بارے میں رابطہ کریں۔فورا ہی اس کے جواب میں کونکن ریولے نے ٹویٹ کیا کہ دودھ کا انتظام کولاڈ کے ریلوے اسٹیشن پرکر دیاگیاہے۔ اگلے کولاڈ سٹیشن پر کوچ سے باہر آکر دودھ لے لیں۔انڈین وزیر ریل سریش پربھو نے اس پر کونکن ریلے کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے بچی کا نام کارتکی بتاتے ہوئے کہا کہ کارتکی کتنی خوش نصیب ہے کہ چلتی ہوئی ٹرین میں اسے دودھ مہیاکیاگیا۔